کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری و وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم سینیٹر وقار مہدی نے کہا ہے کہ کراچی کی تاجر برادری چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمرکاب چلنے کو تیار ہے تو ڈاکر خالد مقبول صدیقی حواس باختہ ہوگئے ہیں۔ ایک بیان میں سینیٹر وقار مہدی نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی جانتے ہیں کہ کراچی کے عوام کی حمایت کی ریت ایم کیوایم کے ہاتھوں سے پھسل چکی ہے۔ خالد مقبول صدیقی کی بوکھلاہٹ کی وجہ یہ ہے کہ جن تاجروں سے ان کی جماعت بھتہ لیتی تھی، اب وہ رضا کارانہ طور پر بلاول بھٹو کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سینیٹر وقار مہدی کا کہنا تھا کہ کراچی اب بدل چکا ہے، اور شہر بند کرانے والی ایم کیوایم شہر والوں کے لئے اجنبی ہوچکی ہے۔ کراچی میں اردو بولنے والے بزرگوں اور نسل کے لئے ایم کیوایم ایک مافیا کا درجہ رکھتی ہے۔ انہوں نے نشاندھی کرتے ہوئے کہا کہ لیاری گینگ وار ختم کروانے والی پاکستان پیپلزپارٹی نے ہی ایم کیوایم کی دہشت گردی اور جبر کا خاتمہ کیا جس کے نتیجے میں کراچی میں نیا سویرا نمودار ہوا۔