کراچی (اسٹاف رپورٹر )میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ واٹر کارپوریشن نے جو 14ارب کی ادائیگی کا نوٹس دیا ہے اس پر قانون کے مطابق عمل ہوگا کراچی میں دو قیادتیں چل رہی ہیں، ایک صرف باتیں اور پریس کانفرنس کرتی ہے اور دوسری ہماری قیادت ہے جو کام کرکے وعدوں کو وفا کرتی ہے، کراچی کی ترقی کا سفر بلاول بھٹو کے تیر کے نشان کے تحت شروع ہوا ہے،ہمارا وعدہ ہماری نیت،پیپلز پارٹی کی پوری قیادت عوام کے سامنے ہے، ہمارا منشور تھا عوام کی خدمت کریں گے، کراچی بشمول لیاری کے احساس محرومی کو جلد ختم کریں گے، کے ایم سی نے تمام اداروں کو روڈ کٹنگ کے حوالے سے خط لکھ دیا ہے تاکہ فنڈز کا صحیح استعمال یقینی بنایاجاسکے،بحریہ ٹاؤن کا سندھ حکومت کے ساتھ براہ راست کوئی تعلق نہیں،واٹر کارپوریشن نے جو 14ارب کی ادائیگی کا نوٹس دیا ہے اس پر قانون کے مطابق عمل ہوگا،عدالت کے فیصلے کے تحت اس کی رقم سپریم کورٹ کو ادا کی جارہی ہے،غیر قانونی تعمیرات اور چائنا کٹنگ کی سرپرستی کبھی نہیں کریں گے، لیاری پیپلز پارٹی کی آن اور شان ہے،یہ بات انہوں نے لیاری کے علاقے سنگھولین میں بکرا پیڑی پمپنگ اسٹیشن کی تعمیر نو اور اپ گریڈیشن کاافتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہو ئے کہی، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت، سٹی کونسل کے اراکین بھی موجود تھے۔