ایران کا کہنا ہے کہ مغربی ممالک سنجیدگی ظاہر کرتے ہیں تو جوہری پروگرام پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ ایران نے متعدد بار بات چیت کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے لیکن صرف اس صورت میں جب دوسرا فریق اس بارے میں سنجیدہ ہو۔
اسماعیل بقائی نے امید ظاہر کی ہے کہ نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے حوالے سے حقیقت پسندانہ رویہ اپنائیں گے۔
نئی بات چیت کے امکان کے بارے میں پوچھے جانے پر ترجمان ایرانی دفتر خارجہ نے کہا کہ ایران کی پالیسی دیگر فریقین کے اقدامات پر منحصر ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کی گئیں توایران جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کی پاسداری نہیں کرے گا۔
واضح رہے کہ این پی ٹی کے تحت دستخط کرنے والی ریاستیں اپنے جوہری ذخیروں کا اعلان کرنے اور انہیں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی نگرانی میں رکھنے کی پابند ہیں۔