شاعر: عابد رشید
صفحات: 224، ہدیہ: 1500روپے
ناشر: ماورا ، لاہور۔
عابد رشید کا بنیادی تعلق پاکستان سے ہے، لیکن وہ گزشتہ کئی برسوں سے شکاگو(امریکا) میں قیام پذیر ہیں۔ اُنہوں نے اپنے ادبی سفر کا آغاز غزل سے کیا، غزل اب بھی کہتے ہیں، لیکن نعت گوئی بھی اُن کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اُن کے پہلا حمدیہ اور نعتیہ مجموعہ’’بعد از خدا‘‘ پچھلے برس شائع ہوا تھا۔ ہمارے پیشِ نظر عابد رشید کا تازہ شعری مجموعہ ہے، جس میں اُنہوں نے 14 حمد و مناجات، 50 نعتیں، 5 نظمیہ حمد و نعت، ایک سلام بر بحضور سرورِ کائناتﷺ اور 3مناقب شامل کی ہیں۔
عابد رشید کی تقدیسی شاعری کے حوالے سے افتخار عارف، ڈاکٹر ریاض مجید، مامون ایمن ، نسیم سحر، پروفیسر شاہدہ حسن، پروفیسر محمّد طاہر صدیقی، ابوالحسن خاور اور ڈاکٹر توفیق انصاری احمد جیسے صاحبانِ علم و دانش کے مضامین سند کا درجہ رکھتے ہیں۔ معنوی یا باطنی اعتبارسے بھی یہ نعتیہ مجموعہ عام روش سے قدرے مختلف ہے۔
فراوانیٔ جذبات اور وفورِ شوق کے باوجود، عابد رشید نے احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا اور نعت گوئی کی نزاکتوں کو پیشِ نظر رکھا ہے۔ مطالعۂ کلام کے دَوران کسی جگہ افراط و تفریط کا احساس نہیں ہوا۔ سچ تو یہ ہے کہ یہ نعتیہ کلام اُن کے اسلامی جذبات و احساسات کا آئینہ دار ہے، جو عاشقانِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے محبّت بَھرے نسخے سے کم نہیں۔ اُن کا پورا کلام ہی درود و سلام کی خُوش بُو سے معطّر ہے۔