سینئر سیاست دان ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ میری سیاست کا مقصد عوامی خدمت ہے۔
سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے حلقہ این اے97 میں کسانوں، سماجی شخصیات اور علاقہ عمائدین سے ملاقات کے دوران کہا کہ حلقہ این اے 97 کے لوگ میرے اپنے لوگ ہیں، ہم تعلق نبھانا جانتے ہیں۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے97 فیصل آباد میں بات کرتے ہوئے سینئر سیاست دان نے کہا کہ میں اپنی استعداد سے بڑھ کر حلقے کے مسائل کے حل کے لیےکوششیں کر رہا ہوں، میرا مقصد ہے کہ علاقے میں بچوں اور بچیوں کے لیے اعلیٰ تعلیم کے مواقع پیدا کروں۔
ہمایوں اختر کا کہنا تھا کہ حلقے میں میرے سیاسی دفاتر قائم ہیں، جن کے دروازے عوام کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کی پالیسی ناگزیر ہے۔