پشاور(جنگ نیوز) خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے آنکولوجی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کل 4 فروری کو یومِ کینسر کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں کینسر کے خلاف جنگ لڑنے والے سرو ائیورز کی ہمت اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔ اس سال کی تھیم "یونائیٹڈ بائی یونیک" مریض پر مبنی دیکھ بھال اور کینسر سے متاثرہ ہر فرد کی انفرادی ضروریات کو پورا کرنے پر مرکوز ہے۔ تقریب میں آنکولوجی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد طارق شعبہ کی کینسر کے علاج و دیکھ بھال کے میدان میں حاصل کی گئی کامیابیوں پر روشنی ڈالیں گے۔ اس کے علاوہ، سروا ئیورز اپنی متاثر کن کہانیاں اور تجربات شیئر کریں گے، جو امید اور حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنیں گی یہ اجتماع کینسر کے خلاف آگاہی بڑھانے، ابتدائی تشخیص کی اہمیت، اور مریضوں کی بہتر دیکھ بھال کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دے گا۔ آنکولوجی ڈیپارٹمنٹ کمیونٹی کو سرو ائیورز کی عزت افزائی میں شامل ہونے اور کینسر کے خلاف جنگ میں اپنی عزم کی تجدید کی دعوت دیتا ہے۔