• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور کے تاجروں کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھوں گا‘غلام علی

پشاور(وقائع نگار) سابق گورنر حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ پشاور کی ترقی اور تاجروں کے مسائل کا حل ہمیشہ سے اولین ترجیحات میں شامل رہا ہے، خدمات کا سلسلہ جاری رکھوں گا، ملک مہر الٰہی اور شکیل احمد خان نے فیڈریشن اور چیمبر آف سمال انڈسٹری اینڈ سمال ٹریڈرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے صوبائی حکومت کے حالیہ اقدامات کو بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کی جانب اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز کریم پورہ بازار کے چیئرمین حبیب خان، جنرل سیکرٹری مبشر حسین اور دیگر عہدیداروں کی جانب سے چیمبر آف سمال انڈسٹری اینڈ سمال ٹریڈرز کے عہدیداروں کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حبیب خان نے کریم پورہ بازار کے تاجروں کو درپیش مسائل، آئے روز بازار کے بجلی ٹرانسفارمر کی خرابی کے باعث گھنٹوں بجلی کی لوڈشیڈنگ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے ٹیکسوں میں اضافے کے جاری کردہ نوٹسز، کسٹم پیڈ امپورٹڈ مالوں کی ترسیل کی پکڑ دھکڑ اور تاجروں کو بے جا تنگ کرنے کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ چیمبر متعلقہ اداروں کے ذمہ داروں سے مذاکرت کرکے مسائل کا حل یقینی بنائے۔ حاجی غلام علی نے چیمبر کی افادیت اور کاروباری برادری کے لیے اس کی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئےکہا کہ یہ شہر ہمارا ہے اور اس کی معاشی ترقی کے لئے اور تاجروں کے حقوق کے تحفظ کے لئے کسی خدمت سے دریغ نہیں کیا جائے گا ان درپیش مسائل کے حل کے لئے اقدامات اٹھانے کی اپنی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ شکیل احمد خان نے کہا کہ چیمبر نہ صرف تاجروں اور صنعت کاروں کے مسائل کے حل کے لیے کام کر رہا ہے بلکہ حکومتی پالیسیوں میں بھی کاروباری برادری کی نمائندگی کر رہا ہے۔ چیمبر نے ہمیشہ تاجروں کے مسائل کو اعلیٰ حکام تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور ہر مشکل گھڑی میں تاجروں کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ملک مہر الٰہی نے کہا کہ چیمبر کی کوششوں سے متعدد بار ٹیکسوں میں رعایت، کاروباری سہولیات میں بہتری اور حکومتی اداروں کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے تاجروں کے مسائل حل کیے گئے ہیں۔ وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈہ پور نے تاجروں کی خدمات کے لئے صوبے کے ہر چیمبر دو کنال اراضی مہیا کرنے اور مختلف محکموں کے بورڈز میں تاجروں کو نمایندگی دینے کا جو اعلان کیا ہے اس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ اور امید کرتے ہیں کہ صوبائی حکومت تاجروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں چیمبرز کی سفارشات کے مطابق مزید اقدامات کرے گی۔ شرکاء نے پشاور چیمبرکی خدمات کو سراہتے ہوئے اس کے کردار کو مزید فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت چیمبر کی سفارشات پر عمل کرے تاکہ کاروباری طبقہ مزید ترقی کر سکے۔ اس موقع پر پشاور چیمبر کی نئی رکنیت حاصل کرنے والے کریمپورہ بازار کے تاجروں کو سرٹیفکیٹس دئیے گئے۔
پشاور سے مزید