جانوروں کی دیکھ بھال کےلیے کام کرنے والی عالمی تنظیم فورپاز کی ٹیم ہتھنیوں کی دیکھ بھال کےلیے جلد کراچی پہنچے گی۔
فورپاز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فورپاز کے ماہرین کی ٹیم ڈاکٹر عامر خلیل کی قیادت میں کراچی پہنچے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ ہتھنی سونیا کی ہلاکت کے بعد ملکہ اور مدھوبالا کی صحت پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق سونیا کی موت شدید بیکٹیریل انفیکشن سے ہوئی۔
ملکہ اور مدھوبالا کو احتیاطی اینٹی بائیوٹک دیا گیا ہے، دونوں ہتھنیوں کے خون کے نمونے لیے گئے ہیں، ہتھنیوں میں فی الحال کوئی بیماری کے آثار نہیں، تفصیلی معائنہ ضروری ہے۔
فورپاز کے مطابق ہتھنیوں کی صحت جانچنے کےلیے الٹراساؤنڈ، خون کے نمونے اور ٹی بی اسکریننگ ہوگی۔ ملکہ اور مدھوبالا کےلیے خصوصی علاج معالجے کا منصوبہ بنایا جائے گا، ہتھنیوں کےلیے مثبت تربیتی پروگرام متعارف کروایا جائے گا۔