وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان کے لیے صرف ایک خطرہ نہیں اب ایک حقیقت بن گئی ہے، ہمیں گرین پاکستان کی طرف جانا ہو گا، ہم تاخیر نہیں کر سکتے۔
اسلام آباد میں موسمیاتی تبدیلی پر بین الاقوامی کانفرنس خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں موسمیاتی تبدیلی پر پالیسی سے اب عملدرآمد کی طرف جانا ہو گا۔
احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ہمیں انفرادی کوشش سے اجتماعی ذمے داری کی طرف جانا ہو گا، آلودگی میں ہمارا حصہ بہت کم ہے لیکن ہم سب سے زیادہ موسمیاتی تبدیلی کا شکار ملک ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اسموگ اب ایک قومی بڑا مسئلہ بن گئی ہے، پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی پالیسی اور پلان لایا، پالیسی پر عملدرآمد کرنا ہو گا۔
ان کا کہنا ہے کہ اڑان پاکستان پروگرام میں موسمیاتی تبدیلی شامل ہے، موسمیاتی تبدیلی کا مسئلہ ایک ملک اکیلے حل نہں کر سکتا، دنیا کو اکٹھا ہونا ہو گا۔
احسن نے یہ بھی کہا کہ ہمیں دوسروں کا انتظار نہیں کرنا چاہیے، پاکستان کو لیڈ لے کر مثال قائم کرنا ہو گی۔