• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداکار ہیتن تیجوانی نے بھارت میں پاکستانی ڈراموں کے ہٹ ہونے کی وجہ بتا دی

فوٹوز بشکریہ سوشل میڈیا
فوٹوز بشکریہ سوشل میڈیا 

بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کے نامور اداکار ہیتن تیجوانی نے بھارت میں پاکستانی ڈراموں کی بڑھتی پسندیدگی سے متعلق بات کی ہے۔

بھارتی ڈرامہ سیریل ’پشمینا دھاگے‘ اور ’گپتا برادرز‘ کے اداکار ہیتن تیجوانی نے حال ہی میں ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے لیے انٹرویو دیا ہے۔

اداکار نے پاکستانی ڈراموں سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں پاکستانی ڈراموں کی کھل کر تعریف کی۔


انہوں نے کہا کہ بھارت میں پاکستانی ڈراموں کے ہٹ ہونے کے پیچھے چھپی سب سے بڑی وجہ مضبوط اور حقیقت سے قریب تر کہانیاں ہیں۔

50 سالہ ہیتن تیجوانی کا کہنا ہے کہ پاکستانی ڈرامے اپنی زبردست کہانیوں اور اسٹار پاور کی وجہ سے بھارت اور دنیا کے دیگر حصوں میں بے حد مقبولیت حاصل کر رہے ہیں، پاکستانی ڈراموں کی کامیابی اب بھارتی ڈرامہ سازوں کے لیے لمحۂ فکریہ بن گئی ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ کئی بھارتی اداکار اکثر پاکستانی ڈراموں کی کامیابی کے پیچھے استعمال ہونے والے فارمولے پر بات کرتے ہیں اور اب تو بھارت نے بھی پاکستانی انداز میں ڈرامے بنانے شروع کر دیے ہیں۔

ہیتن تیجوانی نے پاکستانی ڈراموں کی کامیابی اور مقبولیت پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ بھارتی ناظرین کو پاکستانی ڈراموں کی کہانیاں زیادہ متاثر کرتی ہیں، میرے خیال میں ہمارے ناظرین پاکستانی ڈراموں کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں کیونکہ وہ کافی حقیقت پسندانہ ہوتے ہیں۔

ہیتن تیجوانی نے انٹرویو کے دوران کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ پاکستانی ڈراموں کی کہانیاں بہت پختہ اور سادہ انداز میں بیان کی جاتی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پاکستان میں لوگ ہمارے ڈراموں کو بھی پسند کرتے ہیں کیونکہ ہمارے ڈراموں میں تمام تر مسالے موجود ہوتے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید