گزشتہ 15 سال میں امریکا سے ڈی پورٹ کیے گئے بھارتیوں کی تعداد و تفصیل سامنے آ گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں امریکا سے 100 سے زیادہ غیر قانونی تارکینِ وطن بھارتیوں کو بے دخل کر کے واپس بھارت پہنچا دیا گیا ہے۔
اس کے بعد سے اپوزیشن کی جانب سے حکومت کے خلاف ہنگامہ برپا تھا جس کے بعد بھارتی وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے جمعرات کو بتایا کہ امریکی حکام کی طرف سے اس طرح کے اقدامات نئے نہیں ہیں۔
بھارتی وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے بتایا کہ 2009ء سے اب تک کُل 15 ہزار 756 غیر قانونی بھارتی تارکینِ وطن کو امریکا سے بھارت بھیجا جا چکا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ امریکا کی طرف سے ملک بدری کا عمل کوئی نیا نہیں ہے، یہ کئی سال سے جاری ہے اور امریکا کی یہ پالیسی صرف ایک ملک پر لاگو نہیں ہوتی۔
بھارتی وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے بتایا کہ ہماری توجہ غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف کریک ڈاؤن پر ہونی چاہیے، ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے امریکا کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں کہ ملک بدر کیے جانے والوں کے ساتھ بدسلوکی نہ ہو۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امریکا سے سب سے زیادہ بھارتیوں کو 2019ء میں ڈی پورٹ کیا گیا تھا جن کی تعداد 2 ہزار 42 تھی جبکہ 2020ء میں یہ تعداد 1 ہزار 889 تھی۔