پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے تیاریاں مکمل ہیں۔
لاہور میں محسن نقوی سے وزیرِ کھیل پنجاب فیصل کھوکھر نے ملاقات کی جس میں کرکٹ ٹورنامنٹس اور چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ریکارڈ مدت میں قذافی اسٹیڈیم کی تعمیرِ نو پر وزیرِ کھیل پنجاب نے محسن نقوی کو مبارکباد دی جبکہ محسن نقوی نے پنجاب حکومت کو کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔
اس موقع پر فیصل کھوکھر نے کہا کہ پی سی بی کے تعاون سے کرکٹ کو ہر سطح پر فروغ دینا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے اس شاندار ٹورنامنٹ کا آغاز 19 فروری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہو گا، جہاں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان افتتاحی میچ کھیلا جائے گا۔
اس ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقا، بنگلا دیش، افغانستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
پاکستان کا پہلا نجی اسپورٹس چینل ’جیو سوپر‘ شائقین کرکٹ کے لیے تمام سنسنی خیز مقابلے براہِ راست نشر کرے گا۔