صدر آصف علی زرداری پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر تعزیت کیلئے پرتگال روانہ ہوگئے۔
دفتر خارجہ کے مطابق صدر آصف علی زرداری کی لزبن میں پرنس رحیم آغا خان پنجم سے ملاقات ہوگی، اس دوران وہ مرحوم پرنس کریم آغا خان چہارم کے انتقال پر تعزیت پیش کریں گے۔
صدر آصف علی زرداری کی دورہ لزبن کے دوران پرتگال کے صدر مارسلو ربیلو ڈی سوسا سے بھی ملاقات متوقع ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق پرنس کریم آغا خان کا انتقال پرتگال کے دارلحکومت لزبن میں 4 فروری کو ہوا۔
پرنس کریم کی نماز جنازہ لزبن ہی میں ادا کیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ پرنس شاہ کریم الحسینی اسماعیلی کمیونٹی کے 49ویں امام تھے۔