• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرنس کریم آغا خان کا انتقال، شہزادہ رحیم اسماعیلی کمیونٹی کے 50 ویں امام

پیرس / کراچی (نیوز ایجنسیز/ نیوز ڈیسک / اسٹاف رپورٹر) اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان انتقال کر گئے۔ان کا انتقال پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں ہوا۔ ان کی عمر 88برس تھی اور وہ اسماعیلی کمیونٹی کے 49ویں امام تھے۔ ان کے انتقال سے ان کے پیروکار سوگ میں ڈوب گئے ، پرنس رحیم آغا خان اسماعیلی کمیونٹی کے نئے 50ویں امام ہوں گے۔ اس بات کا اعلان امام کی فیملی اور جماعت کے سینئر ممبرز کے سامنے پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں کیا گیا۔صدر آصف علی زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف ، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس ، نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی ، برطانوی شاہ چارلس ، کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب ، وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی ، فاروق ستار ، سردار رحیم سمیت اہم شخصیات نے پرنس کریم کے انتقال پر تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق پرنس رحیم آغا خان اسماعیلی کمیونٹی کے نئے امام ہوں گے۔ پرنس رحیم آغا خان اسماعیلی کمیونٹی کے 50ویں امام ہیں۔ پرنس کریم آغا خان نے اپنی وصیت میں پرنس رحیم آغا خان کو اسماعیلی کمیونٹی کا 50 واں امام نامزد کیا تھا۔ اس بات کا اعلان امام کی فیملی اور جماعت کے سینئر ممبرز کے سامنے پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں کیا گیا۔ پرنس رحیم آغا خان کے والد پرنس کریم آغا خان گزشتہ روزپرتگال کے دارالحکومت لزبن میں انتقال کرگئے تھے، ان کی عمر 88 برس تھی۔ پرنس رحیم آغاخان کے علاوہ پرنس کریم آغا خان کے مزید 2 بیٹے علی محمد آغا خان اور حسین آغا خان ہیں جب کہ ایک بیٹی زہرا آغا خان ہیں۔ پرنس کریم آغا خان کو 11 جولائی1957 میں امام بنایا گیا تھا ۔ اس وقت ان کی عمر 20 برس تھی۔ پرنس کریم کے دادا سر سلطان محمد شاہ آغا خان اسماعیلی تھے۔ پرنس کریم آغا خان نے اپنی زندگی پسماندہ طبقات کی زندگیوں میں بہتری لانے میں صرف کی۔ وہ اس بات پر زور دیتے رہے تھے کہ اسلام ایک دوسرے سے ہمدردی، برداشت اور انسانی عظمت کا مذہب ہے۔ آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے ذریعے انہوں نے دنیا کے مختلف خطوں خصوصاً ایشیا اور افریقا میں فلاحی اقدامات کیے۔ یہ اقدامات زیادہ تر تعلیم، صحت، معیشت اور ثقافت کے شعبوں میں تھے۔ پرنس کریم کو مختلف ممالک اوریونیورسٹیوں کی جانب سے اعلیٰ ترین اعزازات اور اعزازی ڈگریوں سے نوازا گیا تھا۔ پرنس کریم نے پاکستان کی ترقی کےلیے مثالی خدمات انجام دیں۔ مثالی خدمات پر پرنس کریم آغا خان کو نشان پاکستان اور نشان امتیاز سے نوازا گیا تھا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے انتقال سے پاکستان ایک عظیم دوست سے محروم ہو گیا،پرنس کریم آغا خان نے پاکستان کے سماجی شعبے کی بہتری کے لئے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، تحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، مسلم لیگ فنکشنل سندھ کےسیکریٹری جنرل اور جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم اسماعیلی برادری کے 49ویں روحانی پیشوا شاہ کریم الحسینی آغا خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔دریں اثناءوزیراعظم شہباز شریف، قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق و دیگر نے اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سید خورشید احمد شاہ اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ وہ پرنس کریم آغا خان کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔دریں اثناءوفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب وزیر اعظم کی ہدایت پر پرنس کریم آغا خان کی تدفین میں پاکستان کی نمائندگی کرینگے ،وزیر اعظم آفس نے وزارت خارجہ کو ضروری کوآرڈینیشن کے لیے ہدایات جاری کر دیں۔

اہم خبریں سے مزید