محمد صفدر خان ساغر، راہوالی، گوجرانوالہ
ان دِنوں چٹ پٹی ڈِشز تیار کرنے اور کھانے کا رواج عام ہے۔ گرچہ یہ اسپائسی کھانے بچّوں، بڑوں سمیت سبھی کو بھاتے ہیں، لیکن ان کا کثرت سے استعمال ہماری صحت پر منفی اثرات مرتّب کرتا ہے۔
تو بھئی، آج ہم آپ کو گوشت کی ایسی دو ڈِشز تیار کرنے کا طریقہ بتا رہے ہیں کہ جو چٹ پٹے مسالا جات کا استعمال نہ کرنے کے باوجود بھی نہایت لذیذ اور صحت بخش ہیں۔ اِن میں کالی مرچ کا سالن اور ہنٹر بیف شامل ہیں۔ یوں تو کالی مرچ کا سالن خصوصی طور پر ذیابطیس کے مریضوں کے لیے تیار کیا جاتا ہے، لیکن عام افراد بھی اِسے بصد شوق کھا سکتے ہیں۔
کالی مرچ کا سالن
اجزاء: گوشت آدھا کلو، ادرک (پِسی ہوئی) کھانے کے دو چمچ، لہسن (پِسا ہوا) چائے کے دو چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، دہی آدھا پاؤ، کالی مرچ (پِسی ہوئی) آدھی چھٹانک، گھی کھانے کے تین چمچ۔
ترکیب: سب سے پہلے ایک دیگچی میں گھی گرم کریں۔ پھر اس میں ادرک اور لہسن ڈال کر چند سیکنڈ تک چمچ ہلائیں تاکہ دونوں کا پیسٹ اچّھی طرح مِکس ہوجائے۔ اگلے مرحلے میں ادرک اور لہسن کے پیسٹ میں گوشت ڈال کر بُھونیں اور ساتھ ہی نمک بھی شامل کر دیں۔
پھر گوشت میں پانی ڈال کردرمیانی آنچ پر رکھ دیں۔ گوشت گَل جائے اور پانی خُشک ہوجائے، تو دہی پھینٹ کر ڈالیں اور چند منٹ تک پکائیں۔ اب گوشت میں پِسی ہوئی کالی مرچ ڈال کر سالن کواچھی طرح بُھونیں۔ پانی خُشک ہوجائے، تو چند منٹ کے لیے دَم پر رکھ دیں۔
نوٹ: اگر آپ سالن کا شوربا بھی بنانا چاہتے ہیں، تو دہی کا پانی خُشک ہونے کے بعد اُس میں تھوڑا سا پانی شامل کردیں۔ بُھنا ہوا گوشت رُوکھا کھائیں۔ نیز، آدھا کلو گوشت میں آدھا چھٹانک پِسی ہوئی کالی مِرچ ڈالیں اور اگر آپ کالی مِرچ کی مقدار کم کرنا چاہیں، تو چائے کا ایک چمچ کم کردیں، لیکن آدھی چھٹانک سے زائد مِرچ ہرگز نہ ڈالیں۔ یاد رہے، اس ڈِش کی تیاری میں پیاز بھی استعمال نہیں ہوگا۔
ہنٹر بیف
اجزاء: گوشت (دو کلو کا ٹکڑا) شورہ ایک چائے کا چمچ، نمک چار چائے کے چمچ، کالی مرچ آدھا چائے کا چمچ، کچّی شکر چار چائے کے چمچ، لیموں (بڑا) ایک عدد، بڑی الائچی ایک عدد۔
ترکیب: سب سے پہلے گوشت دھونے کے بعد فوراً خُشک کرلیں۔ پھر شورہ، نمک، کالی مرچ، کچّی شکر اور بڑی الائچی پیس لیں۔ اس پِسے ہوئے مسالے میں لیموں کا عرق نچوڑیں۔ پھر یہ مسالا گوشت پراچھی طرح لگائیں اور گوشت کا ٹکڑا ریفریجریٹر میں رکھ دیں۔ دوسرے دن ریفریجریٹر سے نکالیں اور اس پر لگے مسالے کو آدھے گھنٹے تک مَلیں۔ یہ عمل مسلسل چھے روز تک کریں تاکہ سارا مسالا گوشت میں جذب ہوجائے۔
اب کسی مضبوط ڈوری سے گوشت کو چاروں طرف سے باندھ دیں اورایک پتیلی میں دو پیالی پانی ڈال کراس میں گوشت کا یہ ٹکڑا رکھ دیں۔ جب تک پانی خُشک نہ ہوجائے، گوشت کو دھیمی آنچ پر پکاتے رہیں۔ پکانے کے دوران گوشت کو الٹنا پلٹنا بھی ہے، اور اگر گوشت کچّا محسوس ہو، تو ایک پیالی پانی ڈال کر مزید پکالیں۔ لیجیے، ہنٹر بیف تیار ہے۔ اب چُھری کو ہلکا گرم کر کے اِس کے ٹکڑے کریں اور ایک دن بعد کھائیں۔
نوٹ: گوشت دھونے کے بعد کسی کپڑے سے خُشک کریں۔ چھے دن تک گوشت پر لگا مسالا آدھے گھنٹے تک ضرور مَلیں۔ مسالا صرف پہلے دن لگانا ہوگا اور باقی دنوں میں اسے صرف مَلنا ہوگا۔ گوشت کو ڈوری سے سختی سے باندھیں۔ پکانے کے دوران گوشت کو دو سے تین بارضرور پلٹیں تاکہ یہ اچّھی طرح پک جائے۔ اگر براؤن شوگر نہ ملے، تو گُڑ استعمال کریں۔
مسالا لگانے کے بعد گوشت کو برف خانے کی بجائے ریفریجریٹر کے نچلے خانے میں رکھیں۔ ہنٹر بیف تیار ہونے کے بعد اسے ایک دن تک استعمال نہ کریں۔ ہم نے آپ کو یہ دو کلو گوشت کے ہنٹربیف کی ترکیب بتائی ہے، جب کہ گوشت کے کم یا زیادہ ہونے پر اِسی مناسبت سے اجزا میں کمی بیشی کی جا سکتی ہے۔ نیز، اگر آپ کے پاس اوون ہے، تو آپ اس میں بھی ہنٹربیف تیار کرسکتے ہیں۔