آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے قبل ایک اور ہدف پورا پورا ہوگیا۔ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی کی تعمیر و تزین کے بعد اسکا افتتاح بھی کردیا گیا۔
رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے ساتھ تختی کی نقاب کشائی کی۔
وزیراعلیٰ سندھ اور گورنر کامران ٹیسوری کے ہاتھوں نیشنل اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کی تختی کی نقاب کُشائی کے بعد تقریب کا باقاعدہ آغاز میدان میں ہوا۔
سب سے پہلے پاکستانی ٹیم کو اسٹیج پر مدعو کیا گیا جہاں تقریب کے میزبان نے کھلاڑیوں سے فرداً فرداً بات چیت کی، جس کے بعد شاندار لیزر شو اور آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
بعدازاں اسٹیڈیم میں لگی فلڈ لائٹس نے اپنے جلوے دکھائے اور تماشائی ڈانسنگ لائٹس کے نظارے سے خوب لطف اندوز ہوئے۔
لائٹس شو کے بعد ملک کے نامور گلوکار ساحر علی بگا نے اپنی آواز کا جادو جگایا، اُنہوں نے خاتون گلوکارہ کے ساتھ بھی پرفارم کیا۔
اس دوران اسٹیڈیم میں موجود افراد بھی ان دونوں فنکاروں کی پرفارمنس میں شریک دکھائی دیے۔
انکے بعد نامور گلوکار شفقت امانت علی خان آئے اور اُنہوں نے سماں باندھ دیا۔ یوں رنگ و نور کی برسات کے سات تقریب اختتام کو پہنچی۔