• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمر ایوب کی آئی ایم ایف مشن کو ڈوزیئر اور خط بھیجنے کی تصدیق


اپوزیشن لیڈر عمرایوب نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے مشن کو ڈوزیئر اور خط بھیج دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کی گئی پوسٹ میں عمر ایوب نے آئی ایم ایف مشن کو ڈوزیئر اور خط بھیجنے کی تصدیق کی۔

انہوں نے کہا کہ 2024 کے عام انتخابات میں دھاندلی سے متعلق شواہد پر مشتمل ڈوزیئر چیف جسٹس پاکستان کو بھیجا جاچکا ہے۔

عمر ایوب نے مزید کہا کہ ڈوزیئر میں عام انتخابات میں دھاندلی اور بانی پی ٹی آئی کو دبائے جانے سے متعلق شواہد موجود ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ملاقات میں بانی پی ٹی آئی نے قانون کی بالادستی کےلیے صاف، شفاف انتخابات کے انعقاد پر زور دیا تھا۔

اپوزیشن لیڈر نے یہ بھی کہا کہ سیاسی اور معاشی استحکام کےلیے ضروری ہے کہ ہمارے تحفظات پر بین الاقوامی تنظیموں سمیت متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی توجہ دلائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ مزید معلومات یا وضاحت درکار ہو توہم وفد سے ملاقات کے لیے تیار ہیں، ہمیں یقین ہے کہ پاکستان کے مستقبل سے متعلق تمام امور میں قانون کی حکمرانی اور جمہوری اصولوں کی پاسداری کو ترجیح دی جائے گی۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کو الیکشن 2024ء سے متعلق غیر سرکاری تنظیم پتن کی رپورٹ بھی بھجوائی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈوزیئر میں انتخابی دھاندلی سے متعلق تفصیلات منسلک کی گئی ہیں، چیف جسٹس کو بھجوائے گئے خط اور تفصیلات کو بھی آئی ایم ایف وفد کو بھجوایا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید