راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے) ڈائریکٹر ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹس راولپنڈی ریجن نے راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے رواں مالی سال کے بجٹ کی ترقیاتی کاموں پر 33فیصد کٹ لگا کر منظوری دیدی ہے تاہم راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کو آئندہ ایک دو روز میں بھجوا دیا جائے گا۔کینٹ بورڈ ذرائع کے مطابق پراپرٹی ٹیکس کی وصولیوں کے 60کروڑ روپے کے ہدف میں بھی 4کروڑ روپے کی کمی کر کے اسے 56کروڑ روپے کر دیا گیا ہے ، راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے پچھلے سال کے جاری ترقیاتی کاموں کیلئے بجٹ میں 131ملین روپے مختص کئے تھے جس پر تقریباً ساڑھے چار کروڑ روپے کا کٹ لگایا گیا ہے ، واضح رہے کہ راولپنڈی کینٹ بورڈ حکام نے اپنا رواں مالی سال کا 2 ارب 34 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا بجٹ بورڈ کی طرف سے منظوری کے بعد تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل منظوری کیلئے ہائر اتھارٹی کو بھجوا دیا تھا ۔