صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت اس وقت دفاعی پوزیشن پر آ چکا ہے اور عالمی سطح پر اسے ایک دہشت گرد ریاست کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
بریڈ فورڈ میں صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا میں خالصتان تحریک کے رہنماؤں کے قتل سے نریندر مودی کی حکومت کی بربریت بے نقاب ہو گئی ہے، جس سے بھارت کا سیکولر اور جمہوری چہرہ بھی مسخ ہو کر رہ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا پر یہ حقیقت آشکار ہو چکی ہے کہ نظریہ پاکستان محض کوئی وقتی ضرورت نہیں بلکہ ایک حقیقی نظریہ تھا، کیونکہ بھارت میں ہندوتوا نظریہ اسلامی ثقافت اور مسلمانوں کے وجود کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔
صدر آزاد کشمیر نے اوور سیز پاکستانیوں اور کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی سطح پر بھارت کی انتہا پسندی کو مزید بے نقاب کریں۔
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کو بھی اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مسئلہ کشمیر کا مضبوط وکیل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری صرف اپنا حقِ خود ارادیت مانگتے ہیں، جسے اقوامِ متحدہ نے بھی تسلیم کر رکھا ہے، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مداخلت کر کے کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرائے۔