نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اسلام آباد سے ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سلامتی کونسل کا اعلیٰ سطح کا اجلاس 18 فروری کو نیویارک میں ہوگا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چین نے اپنی صدارت میں سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کیا، چینی وزیر خارجہ وانگ ای اجلاس کی صدارت کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان عالمی گورننس میں بہتری اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کیلئے چینی اقدام کا خیرمقدم کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اپنے خطاب میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار اور کثیرالجہتی تعاون کی اہمیت کو اُجاگر کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان 26-2025 کیلئے سلامتی کونسل کے غیرمستقل رکن کی حیثیت سے اپنے اہداف پر روشنی ڈالے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار مختلف ممالک کے وزراء خارجہ اور اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام سے ملیں گے۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی امن، سلامتی اور ترقی کیلئے اجتماعی کوششوں میں کردار ادا کرتا رہے گا۔