ہندوستانی سابق کرکٹر شیکھر دھون نے انکشاف کیا ہے کہ دو سال سے اپنے اکلوتے بیٹے کو دیکھا تک نہیں ہے، بیٹے سے سب رابطے منقطع ہو چکے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شیکھر دھون نے اپنی طلاق کے بعد جدوجہد کے بارے میں بات کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ مجھے اپنے بیٹے زورآور کو آخری بار دیکھے دو سال گزر چکے ہیں۔
’اے این آئی‘ کو دیے گئے انٹرویو میں دھون نے انکشاف کیا کہ مجھے اپنے بیٹے کے ساتھ تمام ورچوئل کمیونیکیشن سے روک دیا گیا ہے، مجھے سوشل میڈیا ایپلیکیشنز پر بلاک کر دیا گیا ہے مگر پھر بھی میں ہر چند دن بعد اپنے بیٹے کو پیغامات بھیجتا رہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ میرا بیٹا خوش اور صحت مند رہے، میں بلاک ہونے کے باوجود ہر تین چار دن بعد اسے میسیج کرتا ہوں، مجھے امید نہیں ہے کہ میرا بیٹا میرے میسیجز پڑھے گا، اگر وہ میرے میسیجز نہیں پڑھتا ہے تو مجھے کوئی اعتراض نہیں، یہ میرا کام ہے کہ میں اس تک پہنچوں اور میں یہ کرتا رہوں گا۔
یاد رہے کہ کرکٹر شیکھر دھون اور ان کی اہلیہ آسٹریلوی باکسر عائشہ مکھرجی کی شادی کے 11 سال بعد اکتوبر 2023ء میں طلاق ہو گئی تھی۔
کرکٹر نے 2011ء میں عائشہ سے شادی کی تھی جن کی پہلی شادی سے بھی 2 بیٹیاں ہیں۔