یوکرین کے صدر زیلنسکی اپنے سرکاری دورہ مشرق وسطیٰ میں متحدہ عرب امارات پہنچے، جہاں انہوں نے وڈیو لنک پر یوکرینی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر کہا کہ یوکرین، سعودی عرب میں ہونے والی امریکا روس بات چیت میں شرکت نہیں کرے گا۔
صدر زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین کو شامل کیے بغیر کسی بات چیت کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا، یوکرین کو شامل کیے بغیر کسی معاہدے کو قبول نہیں کریں گے۔
انکا کہنا تھا کہ ہم ایسے معاہدے پر دستخط کریں گے جس میں سیکیورٹی کی ضمانتیں موجود ہوں۔ جنگ کے خاتمے کےلیے صدر پیوٹن پر دباؤ بڑھانے کیلئے چین کی شمولیت اہم ہے۔
صدر زیلنسکی نے کہا کہ بدھ کو سعودی عرب کا سرکاری دورہ کروں گا جو پہلے سے طے شدہ ہے۔ دورہ سعودی عرب کا تعلق امریکا روس بات چیت سے نہیں ہے۔
ادھر ترک صدارتی دفتر کا کہنا ہے کہ یوکرینی صدر زیلنسکی کل ترکیہ کا بھی سرکاری دورہ کریں گے۔
ترک صدارتی دفتر کے مطابق ترک صدر اردوان اور یوکرینی صدر باہمی تعلقات سے متعلق بات چیت کریں گے اور یوکرین تنازع، علاقائی و عالمی امور پر بھی بات کی جائے گی۔