• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ موسمیات کی بارشوں کے نئے اسپیل سے متعلق پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے سے ملک بھر میں بارشوں کے نئے اسپیل کے داخل ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 24 فروری سے مغربی ہواؤں کا سسٹم ملک میں داخل ہو گا، جس کے نتیجے میں پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں ژالہ باری کا امکان ہے۔

اعلامیے کے مطابق شمالی اور پہاڑی علاقوں میں وسیع پیمانے پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور برف باری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور کشمیر میں 25 فروری تا 2 مارچ بارش اور برف باری متوقع ہے۔

اعلامیے کے مطابق خیبر پختونخوا اور اس کے بالائی علاقوں میں 24 تا یکم مارچ بارش اور برف باری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کے مطابق خیبر پختونخوا اور کشمیر میں اس دوران فلیش فلڈ کا بھی امکان ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔

اعلامیے کے مطابق پنجاب، دارالحکومت اسلام آباد میں 25 فروری تا یکم مارچ بارش جبکہ مری اور گلیات میں اس دوران برف باری متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں سے مری، گلیات، ناران، کاغان اور دیگر پہاڑی علاقوں میں سڑکیں بند اور پھسلن کا خطرہ ہے، سیاح غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

اعلامیے کے مطابق 24 فروری سے 26 فروری تک کوئٹہ، زیارت اور قریبی علاقوں میں بارش اور برفباری جبکہ بالائی سندھ کے لاڑکانہ اور سکھر ڈویژن میں 25 اور 26 فروری کو ہلکی بارش متوقع ہے۔

قومی خبریں سے مزید