• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر دستخط


پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کی تقریب کا انعقاد ہوا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے تقریب میں شرکت کی۔

پاکستان اور آذربائیجان میں ایل این جی کی خرید و فروخت کے فریم ورک معاہدے میں ترمیمی معاہدہ ہوا۔

اسٹیٹ آئل کمپنی آربائیجان اور ایف ڈبلیو او میں مچلکے ٹھلیاں وائٹ آئل پائپ لائن منصوبے کی مفاہمتی یادداشت اور اسٹیٹ آئل کمپنی آذربائیجان اور پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔

آذربائیجان کے شہر نض چیوان اور پاکستان کے شہر لاہور کے درمیان ثقافتی تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔

’’شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی کامیابیوں پر فخر ہے‘‘

وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر الہام علیوف نے کہا ہے کہ اپنے بھائی وزیرِ اعظم شہباز شریف کو آذربائیجان میں خوش آمدید کہتے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان شراکت داری کو فروغ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خطے کی صورتِ حال اور سلامتی کے امور پر یکساں نقطہ نظر رکھتے ہیں، گزشتہ سال پاکستان کے دورے میں دوطرفہ تعاون سے متعلق اہم پیشرفت ہوئی، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے بہت مواقع موجود ہیں۔

صدر آذربائیجان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی کامیابیوں پر فخر ہے، خطے کی صورتِ حال اور سلامتی کے امور پر یکساں نقطہ نظر رکھتے ہیں، گزشتہ سال پاکستان کے دورے میں دوطرفہ تعاون سے متعلق اہم پیشرفت ہوئی۔

آذربائیجان کے صدر کے ساتھ تعمیری مذاکرات ہوئے: وزیرِ اعظم

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آذربائیجان کے دورے کی دعوت اور بھرپور میزبانی پر صدر الہام علیوف کا مشکور ہوں، باکو کی طرز پر اسلام آباد کو بھی خوبصورت شہر بنانے میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے صدر کے ساتھ تعمیری مذاکرات ہوئے، صدر الہام علیوف کے پاکستانی عوام کے ساتھ لگاؤ پر فخر ہے، آذربائیجان کے ساتھ دوستی کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں میں اتفاق ہے، دونوں ملکوں کے درمیان مختلف سطح پر تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ باہمی مفاد کے مشترکہ منصوبوں سے دونوں ملکوں کے عوام مستفید ہوں گے، طے پانے والے معاہدوں کو ایک ماہ میں حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوا، 2 ارب ڈالرز سرمایہ کاری کے معاہدوں پر اپریل میں اسلام آباد میں دستخط ہوں گے، قریبی دو طرفہ تعلقات کو معاشی میدان میں بھی وسعت دینی ہے۔

اس سے قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف کو آذربائیجان کے صدارتی محل زوولیا آمد کے موقع پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

صدارتی محل پہنچنے پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا اور گارڈ آف آنر کے دوران دونوں ملکوں کا قومی ترانہ بجایا گیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کے اعزاز میں پُروقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید