بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)نیب کے ایکشن لینے پر محکمہ اریگیشن بھی حرکت میں آگیا، ایگزیکٹو انجینئر اسلام ہیڈ ورک ڈویژن نے اسلام ہیڈورک کی 344ایکڑ اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کیلئے ڈی سی او کو خط لکھ دیا، سب ڈویژنل آفیسر کو بھی متعلقہ ریونیوآفیسر سے کوآرڈی نیشن کی ہدایت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے محکمہ انہار کی پنجاب بھر میں قبضہ شدہ اراضی کوواگزار کرانے کے بیان کے بعد خودمحکمہ اریگیشن کوبھی اپنی قبضہ شدہ اراضی کی فکر لاحق ہوگئی ہے۔ اس حوالے سے ایگزیکٹو انجینئر اسلام ہیڈ ورک ڈویژن کی جانب سے ڈی سی او بہاولپور اورسب ڈویژنل آفیسر اسلام ہیڈورک کوجاری کردہ مراسلے میں ڈی سی او سے مطالبہ کیاگیاہے کہ ہیڈ اسلام کی تحصیل حاصل پور میں 344ایکڑ اراضی پر قبضہ مافیاکاقبضہ ہے جس پر غیرقانونی طورپر کاشتکاری کی جارہی ہے۔اس حوالے سے پولیس اورمتعلقہ ریونیوآفیسر کوہدایت کی جائے کہ وہ محکمہ انہار کی اس قبضہ شدہ اراضی کوواگزار کرانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں جبکہ ایس ڈی او اسلام ہیڈورک کوہدایت کی گئی ہے کہ وہ بھی ذاتی طورپر متعلقہ ریونیوآفیسر سے رابطہ کریں اوراراضی کووا گزار کرانے کیلئے پوری توانائی صرف کریں۔