افغانستان کے 2 صوبوں میں شدید بارشوں اور ژالہ باری کی تباہ کاریاں جاری ہیں، جس کی وجہ سے 29 افراد جاں بحق ہو گئے۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ مغربی صوبہ فراہ میں 21 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوئے، جنوبی صوبے قندھار میں 8 افراد جان سے گئے، جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔
قندھار کے مقامی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے بیان کے مطابق کپڑے دھونے میں مصروف 4 خواتین سیلابی پانی میں بہہ گئیں جن میں سے ایک خاتون زندہ بچ گئی، ایک خاندان پر چھت گرنے سے 1 خاتون اور 3 بچے ہلاک ہو گئے۔
واضح رہے کہ افغانستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے لحاظ سے چھٹا سب سے زیادہ متاثرہ ملک قرار دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ افغانستان میں گزشتہ سال مئی میں سیلاب نے سیکڑوں افراد کی جان لی تھیں اور بڑے پیمانے پر زرعی زمینوں کو نقصان پہنچایا تھا۔