برطانوی وزیراعظم سر کئیر اسٹارمر نے کہا ہے کہ برطانیہ 2027 تک دفاعی بجٹ کو جی ڈی پی کے 2.5 فیصد تک بڑھائے گا۔
لندن سے میڈیا رپورٹ کے مطابق پارلیمنٹ میں بیان دیتے ہوئے وزیراعظم سر کئیر اسٹارمر نے کہا کہ اس وقت برطانیہ دفاعی اخراجات پر جی ڈی پی کا 2.3 فیصد خرچ کر رہا ہے۔
برطانوی وزیر اعظم نے مزید کہا کہ 2027 سے دفاع پر سالانہ 13.4 ارب پاؤنڈ خرچ کریں گے، برطانیہ کو سائبر حملوں، تخریب کاری اور قتل جیسے خطرات کا سامنا ہے۔
سر کئیر اسٹارمر نے کہا کہ آئندہ پارلیمنٹ میں دفاعی بجٹ کو جی ڈی پی کے 3 فیصد تک لے جائیں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سر کیئر اسٹارمر نے یورپ سے بھی اس ضمن میں ڈو مور کا مطالبہ بھی کر دیا۔
انھوں نے کہا کہ دفاعی اخراجات میں اضافہ کیلئے فارن ایڈ کے ترقیاتی اخراجات کو کم کر کے 0.3 فیصد کر دیا جائے گا، فارن ایڈ میں کمی کے فیصلے پر ناخوش ہوں۔
سر کئیر اسٹارمر نے کہا کہ سوڈان، یوکرین، غزہ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے انسانی امداد جاری رکھیں گے، عالمی ادارہ صحت اور ویکینیشن کیلئے بھی انسانی امداد جاری رکھیں گے۔
اپوزیشن لیڈر کیمی بیڈینوک نے حکومتی منصوبے کی حمایت کردی اور کہا قومی مفاد کو ہمیشہ اول رکھنا چاہیے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیراعظم سر کئیر اسٹارمر جمعرات کو امریکا روانہ ہوں گے، جہاں وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔