• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی پناہ کے ویزوں پر امریکا جانے والی 2 خواتین سمیت 4 افغان گرفتار

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

کراچی ایئر پورٹ پر امیگریشن حکام نے سیاسی پناہ کے ویزوں پر امریکا جاتے ہوئے 2 خواتین سمیت 4 افغان باشندوں کو آف لوڈ کر کے گرفتار کر لیا۔

امیگریشن حکام کے مطابق 4 مسافر برقینا احمدی، عابد اللّٰہ کموالا، خواتین مرسل کموالا اور صفا کموالا افغانی پاسپورٹ پر سیاسی پناہ کے ویزوں (Asylum Visa) پر امریکا جا رہے تھے۔ 

امیگریشن کلیئرنس کے دوران انہیں سفری دستاویزات کی تصدیق کے لیے جنرل ری چیکنگ آفیسر کے پاس بھیجا گیا، جہاں جانچ پڑتال پر معلوم ہوا کہ چاروں مسافر 4 دسمبر 2024ء کو افغانستان سے بذریعہ طورخم بارڈر پاکستان آئے تھے، ان کے پاس علاج معالجے کے لیے پاکستان کا میڈیکل ویزا تھا۔

امیگریشن حکام کے مطابق تمام مسافر پاکستان میں اپنے علاج، طبی نسخے، اسپتال یا ڈاکٹرز کے بارے میں تسلی بخش جواب یا ٹھوس ثبوت پیش نہ کر سکے۔

انہوں نے بتایا کہ معاون دستاویزات کی عدم فراہمی پر مسافروں نے رضاکارانہ طور پر تسلیم کیا کہ وہ اسلام آباد میں واقع امریکی سفارت خانے سے امریکا کا ویزا حاصل کرنے کے لیے پاکستان آئے تھے۔ 

اس دوران مزید انکشاف ہوا کہ انہوں نے پاکستانی ویزوں کے حصول کے لیے پرانی جعلی دستاویزات کا استعمال کیا، جس پر انہیں آف لوڈ کر کے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔ 

حکام کے مطابق شواہد کی بنیاد پر چاروں افغان باشندوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں جیل بھیج دیا گیا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق چاروں افغان باشندے افغان جنگ کے دوران امریکی فوج کی مدد کرتے رہے تھے، جس پر امریکی فوج نے جاتے ہوئے انہیں امریکا میں پناہ کے ویزوں کی منظوری دی تھی۔ 

واضح رہے کہ امریکی افواج کی افغانستان میں مدد پر ہزاروں افغان باشندوں کو امریکا سمیت مختلف ملکوں میں سیاسی پناہ دی گئی ہے۔

قومی خبریں سے مزید