پاکستان کے لیجنڈری مرحوم اداکار و کامیڈین معین اختر کا قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی سے متعلق برسوں پرانا کلپ وائرل ہو گیا۔
معین اختر اس کلپ میں قومی پلیئرز کے ٹی وی اشتہارات میں سنچریاں بنانے اور کام کرنے پر تنقید کرتے نظر آ رہے ہیں۔
وائرل کلپ میں معین اختر کے ہمراہ انور مقصود کو بطور پروگرام میزبان جبکہ عبداللّٰہ کادوانی کو بطور کرکٹر دیکھا جا سکتا ہے۔
اس کلپ میں یہ تنیوں لیجنڈز نوجوان نظر آ رہے ہیں، معین اختر کی تنقید سن کر معلوم ہوتا ہے کہ جیسے وہ آج کی کرکٹ ٹیم کی صورتِ حال پر بات کر رہے ہوں۔
کلپ سے معلوم ہوتا ہے کہ آج بھی قومی کرکٹ ٹیم کا وہی ناقص حال ہے جو آج سے برسوں قبل تھا۔
جس طرح سے آج متعدد شخصیات کرکٹرز کے اشتہارات میں کام کرنے کے خلاف بول رہی ہیں بالکل اسی طرح معین اختر بھی برسوں قبل کرکٹرز کے اشتہارات میں بہترین اور گراؤنڈ میں زیرو کارکردگی پر نالاں نظر آ رہے ہیں۔
معین اختر نے اس کلپ میں ناصرف کرکٹر کی کارکردگی پر تنقید کرتے بلکہ بطور ماڈل اشتہارات میں کام کرنے اور اشتہارات سے پیسے بنانے پر بھی طنز کرتے نظر آئے۔