حماس کی القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نے اسرائیل کے حوالے کیے جانے والے اسرائیلی یرغمالیوں کی شناخت ظاہر کردی ہے۔
ابوعبیدہ کے مطابق بدھ کی رات چار ہلاک یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ لاشیں اتساحی عیدان، ایتسیک الجریط، اوھاد یہلومی اور شلومو منصور نامی یرغمالیوں کی ہے۔
دوسری جانب فلسطینی قیدیوں کی تنظیم مکتب اعلام الاسریٰ نے کہا ہے کہ آج رات اسرائیلی جیلوں سے رہا کئے جانے والے قیدیوں کی پہلے گروپ کے استقبال کے لیے غزہ کے علاقے خان یونس میں تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جس میں عوام کے شرکت نہ کرنے کی یقین دہانی کی گئی ہے۔
یاد رہے گزشتہ ہفتے قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے پیدا ہونے والے بحران کو حل کرنے کے بعد حماس اور اسرائیل چار مزید یرغمالیوں کی لاشوں کے بدلے 620 فلسطینی قیدیوں کی رہائی پر اتفاق کیا گیا تھا۔