مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں رمضان المبارک کے دوران رضاکاروں کی خدمات حاصل کرنے کےلیے رجسٹریشن کھولنے کا اعلان کردیا گیا۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ اقدام وزارت انسانی وسائل و سماجی ترقی اور قومی مرکز برائے غیر منافع بخش شعبہ کے تعاون سے کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد قومی صلاحیتوں کو حجاج و زائرین کی خدمت کےلیے بروئے کار لانا ہے۔
سعودی میڈیا کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں مرد اور خواتین دونوں کو رضاکارانہ خدمات کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
ادھر ایس پی اے کے مطابق مجموعی طور پر 100 رضاکاروں کیلئے مواقع موجود ہیں جبکہ انکی خدمات کا دورانیہ مجموعی طور پر 300 گھنٹے ہے۔
رضاکاروں کی بھرتی اور ان سے مؤثر رابطے کےلیے ایک جامع ڈیٹا بیس تیار کیا گیا ہے، اس منصوبے کے مختلف شعبوں جیسے زائرین کیلئے رہنمائی و آگاہی، میڈیا اور تکنیکی معاونت، قرآن مجید کی تلاوت میں تلفظ کی درستی اور ترجمہ اور زبان کی سہولت سے متعلق تصحیح شعبوں میں رضاکاروں کی خدمات لی جائیں گی۔
رضاکارانہ خدمات میں دلچسپی رکھنے والے افراد رجسٹریشن کروا کر عمرہ زائرین کی خدمت میں حصہ لے سکتے ہیں۔
صدارت برائے امور حرمین شریفین نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک کے آغاز پر خصوصی رمضان قرآنی کورس شروع کیا جائے گا جبکہ ایک عالمی قرآنی منصوبے کا بھی افتتاح کیا جائے گا۔
اس اقدام کا مقصد رمضان کے مقدس مہینے میں قرآنی تعلیمات کے فروغ اور دینی خدمات کے دائرہ کار کو وسیع کرنا ہے۔
مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں دینی امور کے صدر شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے بتایا کہ یہ کورس جامع قرآنی پروگرامز کا حصہ ہے، جس کا مقصد قرآن کریم کی درست تلاوت، تجوید اور ادائیگی میں بہتری لانا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطبق یہ کورس ماہرانہ قرآنی اساتذہ کی زیر نگرانی ہوگا، جو اعلیٰ قرآنی اسناد اور قرات میں مہارت رکھتے ہیں۔ اس میں قرآنی تلاوت کی درستی، تجوید کے اصولوں کی تعلیم، الفاظ کی مخارج اور ادائیگی میں بہتری اور ہر سطح کے طلبہ کےلیے خصوصی تعلیمی تجربات شامل ہیں۔