• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مغربی ہواؤں کا سسٹم بلوچستان میں موجود

بارشیں برسانے والا مغربی ہواؤں کا سسٹم بلوچستان میں موجود ہے، ضلع قلات میں سب سے زیادہ بارش ہوئی اور اولے بھی پڑے، کوئٹہ میں بھی بارش سے ندی نالے ایک ہوگئے، ٹریفک اور بجلی کا نظام درہم برہم رہا۔

کوئٹہ میں گزشتہ شب شروع ہونے والی بارش دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہی، پانچ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، بارش سے کوئٹہ کی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرتی رہیں، بارش کے دوران بجلی کا طویل بریک ڈاؤن اور ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات بڑھ گئیں۔

قلات میں 56 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، بارکھان، موسی خیل، خضدار، چاغی، پشین اور دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، تاہم دن کے اوقات میں کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللّٰہ، قلعہ سیف اللّٰہ ، قلات ، ژوب ، موسیٰ خیل، لورالائی ، بارکھان، سبی، خضدار اور گردونواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی تو قع ہے۔

قومی خبریں سے مزید