ضلع کرم میں ٹل پاراچنار مرکزی شاہراہ گزشتہ 151 روز سے بند ہے۔
ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار سمیت اپر اور لوئر کرم کے 100 سے زائد دیہات کی آبادی اس بندش کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہے، خوراک اور علاج نہ ملنے کے باعث لوگ پریشان ہیں۔
ضلع کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان نے مشترکہ پریس کانفرنس میں یکم مارچ سے کھلنے والے تعلیمی ادارے احتجاجاً بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 5 لاکھ کی آبادی خوراک، علاج اور پیٹرول سے محروم ہے، اسٹیشنری، یونیفارم اور پیٹرول موجود ہی نہیں تو طلبا کیسے تعلیم حاصل کرنے اسکول پہنچیں گے؟
انہوں نے کہا ہے کہ آمد و رفت کے راستے کھولنے اور پیٹرول کی سپلائی بحال ہونے تک تعلیمی ادارے بند رکھے جائیں گے۔