• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دورۂ نیوزی لینڈ سے ’بریک‘ لینے کیلئے پاکستان ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں نے مشاورت شروع کردی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

دورۂ نیوزی لینڈ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں نے ’بریک‘ لینے کے لیے مشاورت شروع کردی ہے۔

پاکستان ٹیم کا اگلا اسائنمنٹ نیوزی لینڈ میں وائٹ بال سیریز ہے جہاں 5 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے میچز کی سیریز 16 مارچ سے 5 اپریل تک شیڈول ہے۔

ذرائع کے مطابق بعض کھلاڑیوں کو چیمپئنز ٹرافی کی ناقص کارکردگی کی بنیاد پر ڈراپ ہونے کا خدشہ ہے اس لیے کچھ کھلاڑی دورۂ نیوزی لینڈ سے دستبردار ہوسکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ڈراپ ہونے کا لیبل لگوانے سے قبل کھلاڑی دستبردار ہونے کا پلان کر رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ناقص کارکرد گی کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار سخت ناخوش ہیں۔

واضح رہے کہ شاہین آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ اور بابر اعظم کو ڈراپ کرنے سے متعلق بھی بازگشت ہے۔

یاد رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی دفاعی چیمپئن اور میزبان ٹیم پاکستان کا ایونٹ میں سفر بغیر کسی جیت اور بغیر کسی سنچری کے اختتام پذیر ہوا ہے۔

دفاعی چیمپئنز کو گروپ اسٹیج کے دوران پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے جبکہ دوسرے میچ میں روایتی حریف بھارت نے باآسانی ہرا دیا تھا۔

دو میچز میں شکست کے بعد قومی ٹیم پہلے ہی ایونٹ میں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی تھی، تاہم اسے اپنا آخری گروپ میچ بطور رسمی کارروائی بنگلادیش کے خلاف راولپنڈی میں کھیلنا تھا جو کہ بارش کی وجہ سے نہ ہوسکا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید