کراچی پولیس کے سربراہ جاوید عالم اوڈھو نے ارمغان کیس میں پولیس کی نااہلی کا اعتراف کرلیا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پولیس کی نااہلی ہے کہ ہمیں اس کام کا علم ہی نہیں ہوسکا، ہم نے اپنے افسران کے خلاف بھی کارروائی شروع کردی ہے۔
جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ ارمغان اس سے پہلے بھی گرفتار ہوچکا ہے، اس سے سب ہی لوگ خائف تھے، اس کیس میں وزیر اعلیٰ سے بھی بات ہوئی ہے۔
ٹریفک حادثات پر جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ شہر میں ہیوی ٹریفک کو مکمل طور پر نہیں روکا جا سکتا، اس سلسلے میں ہم ایک خصوصی یونٹ بنا رہے ہیں۔
جاوید عالم اوڈھو نے کرائم میں کمی کا بھی دعویٰ کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ تین سال کے دوران دسمبر، جنوری اور فروری میں کرائم کے اعداد و شمار کم رہے۔