• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل نے غزہ میں امداد اور سامان کی ترسیل روک دی

تصویر بشکریہ رائٹرز
تصویر بشکریہ رائٹرز

اسرائیل نے جنگ بندی کا معاہدہ ختم ہوتے ہی غزہ میں امداد اور سامان کی ترسیل روک دی۔

اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں تمام اشیاء اور امدادی سامان کی ترسیل معطل کر رہا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں دھمکی دی گئی ہے کہ اگر حماس نے امریکا کی پیش کردہ جنگ بندی میں توسیع کی تجویز کو قبول نہ کیا تو اضافی نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا پہلا مرحلہ ہفتے کے روز ختم ہو گیا تھا، جس میں بڑے پیمانے پر امداد فراہم کی گئی تھی۔

دونوں فریق اب تک دوسرے مرحلے پر مذاکرات مکمل نہیں کر سکے ہیں، جس کے تحت حماس کو دیگر مغویوں کو رہا کرنا تھا، جبکہ اسرائیل کو فوجی انخلا اور مستقل جنگ بندی کی طرف جانا تھا۔

 اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ پہلے مرحلے کی جنگ بندی کو رمضان اور پاس اوور (20 اپریل) تک بڑھانے کے حق میں ہے۔

 اسرائیل کے مطابق یہ تجویز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ کے ایلچی اسٹیو وٹکوف کی جانب سے آئی ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم بینیامن نیتن یاہو کے دفتر کے مطابق اس تجویز کے تحت حماس پہلے دن نصف مغویوں کو رہا کرے گا، باقی مغویوں کی رہائی اس وقت عمل میں آئے گی جب مستقل جنگ بندی پر معاہدہ ہو جائے گا۔

اسرائیلی تجویز پر تاحال امریکا، مصر یا قطر نے کوئی ردعمل نہیں دیا، جو گزشتہ ایک سال سے اسرائیل اور حماس کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید