لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے کے 3 مقدمات میں شاہ محمود قریشی سمیت پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں پر ترمیمی فردِ جرم عائد کر دی۔
انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں سماعت کی۔
دورانِ سماعت ملزمان نے ترمیمی فردِ جرم کی صحتِ جرم سے انکار کیا۔
عدالت نے تینوں مقدمات میں ملزمان پر ترمیمی فردِ جرم عائد کی ہے۔
اس سے قبل عدالت میں شاہ محمود قریشی، عمر چیمہ، یاسمین راشد اور زیرِ حراست ملزمان کی حاضری مکمل کی گئی۔
عالیہ حمزہ، صنم جاوید اور خدیجہ شاہ سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے 6 مارچ کو گواہوں کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر لیا۔