آسکرز 2025ء کے شاندار عشائیے کے مینیو میں کیا کچھ پیش کیا گیا؟ تفصیلات سامنے آ گئیں۔
آسکر ایوارڈز ناصرف فلمی دنیا کے سب سے بڑے اعزازات کی تقریب ہے بلکہ یہ ایک ایسی شام بھی ہے جہاں ہالی ووڈ کے ستارے بہترین کھانوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
ایوارڈز کے بعد منعقدہ گورنرز بال پارٹی میں دنیا کے مشہور ترین شیف وولف گینگ پک اور ان کے بیٹے بائرن پک نے تقریباً 70 مزیدار اور منفرد پکوان تیار کیے۔
تقریب میں آسکر کے فاتحین، نامزد افراد اور مشہور ستارے جیت کی خوشیاں منانے کے لیے اکٹھے ہوئے۔
اس سال کے عشائیے میں کھانے اور مشروبات کا شاندار انتخاب کیا گیا تھا، جس میں روایتی پکوانوں کے ساتھ ساتھ کچھ جدید تخلیقات بھی شامل کی گئیں۔
مشہور شیف وولف گینگ پک جو گزشتہ 30 سال سے آسکرز کی اس خصوصی تقریب کے لیے کھانے تیار کر رہے ہیں، اس بار بھی انہوں نے اپنے منفرد ذائقوں سے سب کو لطف اندوز کیا۔
ان کی مشہور چکن پاٹ پائی ہر سال کی طرح اس بار بھی خاص طور پر شامل کی گئی تھی، اس کے علاوہ دیگر مشہور ڈشز میں کوریائی اسٹیک ٹارٹار، اسموکڈ سالمن اوسکر میٹزو، وائلڈ مشروم اور مٹر کے شومائی، بوژی ٹاٹس اور پاپ کارن شرمپس شامل تھیں۔
میٹھے میں سونے کی پرت چڑھے چاکلیٹ آسکر مجسمے، پینا کولاڈا ای کلیرز، کیریمل کیپوچینو آسکر لالی پاپس، سیب کا مزیدار اسٹروڈل، بون بونز اور چاکلیٹ بارکس کے ساتھ آئس کریم سنڈیز نے بھی چار چاند لگائے۔
آسکرز کے عشائیے میں اعلیٰ درجے کی وائنز، شیمپیئن اور خصوصی کاک ٹیلز بھی پیش کی گئیں، جنہیں دنیا کے مشہور ترین مکسولوجسٹ چارلس جولی نے تیار کیا تھا۔