• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشتاق احمد کی وقار یونس اور وسیم اکرم کو ہرجانے کی دھمکی، اصل کہانی سامنے آ گئی


پاکستان کرکٹ ٹیم کے سوئنگ کے سلطان سابق فاسٹ بالر وسیم اکرم نے  چند دنوں قبل ساتھی کھلاڑی مشتاق احمد کی وائرل ہونے والی ویڈیو کی اصل کہانی بتا دی۔

وائرل ویڈیو کو متنازع رنگ دینے والوں پر فاسٹ بالر نے برہمی کا اظہار کیا ہے اور بتایا ہے کہ چند دن قبل مشتاق احمد کی جو ویڈیو ہم نے اپنے شو میں دکھائی، وہ ویڈیو ہم نے ہی ان سے بنوائی تھی۔

وسیم اکرم کے مطابق اس ویڈیو کا مقصد صرف ہنسی مذاق کرنا تھا لیکن کئی قابل اور بااعتماد میڈیا ذرائع نے اسے متنازع رنگ دے دیا جس سے ہماری نہیں ان کی ہی بے عزتی ہو رہی ہے اور ان لوگوں کی جو سوشل میڈیا 92 کی کرکٹ ٹیم کے خلاف باتیں کر رہے ہیں۔

فاسٹ بالر نے کہا کہ یہ صرف مذاق تھا، ابھی میری مشتاق احمد سے بات ہو رہی تھی اور ہم اس پر ہنس رہے تھے اور لوگ اس حوالے سے اتنا سنجیدہ ہو گئے جس کا تصور کرنا مشکل ہے۔

اسی دوران فخر عالم نے کہا کہ وہ ویڈیو ہم نے اپنے ہی شو میں دکھائی تھی کیونکہ وہ ہم نے خصوصی طور پر بنوائی تھی، اگر کوئی سنجیدہ بات ہوتی تو ہم اسے اپنے شو میں کیوں دکھاتے؟

وسیم اکرم نے مذکورہ ویڈیو کو سنجیدہ سمجھنے والوں کو بیوقوف قرار دیا اور زور دیا کہ جعلی خبروں پر یقین کرنے کی بجائے تحقیق کریں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل یوٹیوب کے ایک شو کے دوران مشتاق احمد نے بذریعہ ویڈیو اپنے ماضی کے ساتھیوں کے لیے پیغام بھیجا تھا، جس میں انہوں نے وقار یونس اور وسیم اکرم سے ان کے ماضی کے رویوں پر شکوہ کیا۔

مذکورہ ویڈیو میں موجودہ بنگلا دیشی بولنگ کوچ نے وقار یونس کو 20 کروڑ روپے اور وسیم اکرم کو 15 کروڑ روپے ہرجانے  کی دھمکی بھی دی تھی۔

اس ویڈیو کا وائرل ہونا تھا کہ بھارتی میڈیا کو موقع مل گیا اور انہوں نے اسے سنجیدہ سمجھ کر شہ سرخیوں میں جگہ دی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید