• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن: پارک سے برطانوی باکسنگ چیمپئن ٹیڈی بالڈوک کا مجسمہ چوری

تصاویر:بین الاقوامی میڈیا
تصاویر:بین الاقوامی میڈیا

ایسٹ لندن کے علاقے پوپلر میں واقع لینگڈن پارک کے باہر نصب برطانوی باکسنگ چیمپئن ٹیڈی بالڈوک کا کانسی کا مجسمہ چوری ہو گیا، جس کی مالیت تقریباً 1 لاکھ پاؤنڈ بتائی جا رہی ہے۔

چوروں نے مجسمے کو ٹخنوں سے کاٹ کر علیحدہ کیا اور جائے وقوع پر صرف باکسر کے جوتے چھوڑ گئے، واقعے کے بعد میٹروپولیٹن پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

میٹ پولیس کے ترجمان کے مطابق افسران ذمے دار افراد کی شناخت کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں اور دستیاب ہر ممکن راستے پر کام جاری ہے،  تاحال کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

دوسری جانب ٹاور ہیملٹس کونسل جو اس پارک کی نگرانی کرتی ہے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پولیس تحقیقات کے حصے کے طور پر سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ مجسمہ تلاش کیا جا سکے اور ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے۔

مشہور باکسر کے پوتے مارٹن نے اس واردات کی شدید مذمت کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپیل میں کہا ہے کہ میں مکمل طور پر دل شکستہ ہوں، گزشتہ رات میرے دادا کا مجسمہ پوپلر، ایسٹ لندن سے چوری کر لیا گیا، ذمہ دار افراد کے خلاف میرے غصے کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مجسمے کی تلاش میں مدد کریں، تاہم انہیں خدشہ ہے کہ کہیں یہ مجسمہ اسکریپ دھات کے طور پر پگھلا نہ دیا گیا ہو۔

واضح رہے کہ مارٹن نے ہی 2014ء میں اس مجسمے کی تنصیب کے لیے مہم چلائی تھی اور ایک لاکھ پاؤنڈ جمع کیے تھے۔

یاد رہے کہ ٹیڈی بالڈوک نے 1927ء میں محض 19 سال کی عمر میں بینٹم ویٹ کیٹیگری میں عالمی ٹائٹل جیت کر برطانیہ کے کم عمر ترین باکسنگ چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید
دلچسپ و عجیب سے مزید