بھارت میں خاتون نے بحث کے دوران غصے میں اپنے بوائے فرینڈ کو چاقو مار کر قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریاست چھتیس گڑھ کے علاقے بلاس پور میں 22 سالہ خاتون روشنی سوریاونشی کی نمبر بلاک کرنے پر 25 سالہ بوائے فرینڈ کمتا پرساد سوریاونشی سے بحث ہو گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خاتون نے بحث کے دوران غصے میں آ کر بوائے فرینڈ کو چاقو مار کر ہلاک کر دیا۔
کمتا پرساد سوریاونشی کرائے کے گھر میں رہتا تھا اور ایک مقامی ہوٹل میں ملازم تھا، اس کا 6 ماہ قبل انسٹاگرام پر روشنی سوریاونشی سے رابطہ ہوا تھا اور پھر دونوں کو ایک دوسرے سے محبت ہو گئی تھی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پچھلے 2 سے 3 دنوں کے دوران ان دونوں کے درمیان کشیدگی اس وقت بڑھی جب کمتا پرساد نے روشنی سے بات چیت کرنا بند کر دی اور اس کا نمبر بلاک کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق کمتا پرساد نے روشنی کا نمبر بلاک کیا تو اسے یہ شک ہوا کہ اب اس کے بوائے فرینڈ کو کوئی دوسری عورت مل گئی ہے اور اسی شک کی وجہ سے مشتعل ہو کر وہ چاقو لے کر اپنے بوائے فرینڈ کے گھر گئی اور بحث کے دوران اسے سینے میں چاقو مار کر قتل کر دیا۔