ماہرِ موسمیات نے بتایا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں سے موسمِ سرما ختم ہو چکا ہے، اب کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں سردی کی لہر آنے کا امکان نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ پاکستان کے شمالی علاقوں میں برف باری کے باعث سرد ہوائیں ملک پر اثرانداز ہو سکتی ہیں، ملک کے شمالی اور بالائی علاقوں میں 3 سے 4 روز کے دوران سردی کی لہر اثر انداز ہو سکتی ہے۔
ماہرِ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں 2 سے 3 روز کے لیے درجۂ حرارت میں کمی کا امکان ہے، شہرِ قائد میں آج رات سے 5 مارچ کے دوران رات کو درجۂ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری کمی آ سکتی ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ کراچی شہر کے اکثر علاقوں میں رات میں درجۂ حرارت 13 سے 16 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ کراچی کے مضافات میں درجۂ حرارت 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
ماہرِ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں درجۂ حرارت کی صورتِ حال کچھ اس طرح ہو سکتی ہے، سرجانی ٹاون، اسکیم 33، اسٹیل ٹاون میں درجۂ حرارت 10 سے 13، فیڈرل بی ایریا، اورنگی ٹاؤن، گلشنِ اقبال میں درجۂ حرارت 12 سے 15 اور کراچی کے ساحلی علاقوں میں درجۂ حرارت 17 سے 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں آج رات سے 5 مارچ تک دن کے درجہ حرارت 29 سے 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
آئندہ چند روز میں موسم میں تبدیلی کے حوالے سے موسمیاتی تجزیہ کار نے مزید بتایا ہے کہ 6 مارچ کے بعد سے ایک بار پھر دن اور رات کے درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ دیکھا جائے گا، جس میں دن میں درجۂ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جبکہ رات کو درجۂ حرارت 22 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
وسطی سندھ کے حوالے سےماہرِ موسمیات نے کہا ہے کہ وسطی سندھ میں درجۂ حرارت 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہو سکتا ہے۔