پاکستان کے معروف کامیڈین اور مزاحیہ شو کے میزبان تابش ہاشمی نے نامور اداکار فواد خون کو اپنے شو پر نہ بلانے کی وجہ پر کھل کر بات کی ہے۔
تابش ہاشمی نے نجی میڈیا آؤٹ لیٹ کو انٹرویو کے دوران بتایا کہ فواد خان ابھی تک میرے شو پر نہیں آئے ہیں، باقی تقریباً سب ہی فنکار میرے شو پر آ چکے ہیں، کچھ تو دو بار بھی شرکت کر چکے ہیں۔
تابش ہاشمی کا فواد خان سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہنا ہے کہ میرے خیال میں میرے شو کے لحاظ سے فواد خان ایک سنجیدہ آدمی ہیں، مجھے یقین ہے کہ وہ میرے شو میں فٹ نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شو پر مہمان کو شو کے فارمیٹ کے مطابق دعوت دی جاتی ہے، میری کوشش ہوتی ہے کہ میرے شو پر جو مہمان آئے وہ تھوڑا ببلی ہو تاکہ میرے ساتھ مہمان کی انرجی میچ ہو جائے۔
تابش ہاشمی کا کہنا ہے کہ فواد خان بہت بڑے اداکار ہیں، میرے شو پر کوئی آنے سے چھوٹا یا بڑا نہیں ہو جاتا ہے، میرا شو مزاحیہ طرز کا ہے۔
میزبان تابش ہاشمی نے کہا کہ میں ایسا مہمان نہیں بلانا چاہتا جس سے متعلق مجھے پہلے ہی کہہ دیا جائے کہ ان سے یہ چند سوالات نہیں کرنے ہیں، اس طرح شو کرنے کا مزا نہیں آتا۔
انٹرویو کے اختتام پر تابش ہاشمی نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب بہت سے نیوز سے تعلق رکھنے والی شخصیات ڈرامے کر رہی ہیں، میں پہلے ہی مزاحیہ شو کر رہا ہوں، جب گلوکار اداکاری اور اداکار گلوکاری کر رہے ہیں تو میں بھی اداکاری کے شعبے میں قدم رکھ سکتا ہوں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں نے اداکاری میں اپنا کیریئر بنانے کا سوچ لیا ہے، 2025ء میں، میں باقاعدہ طور پر اداکاری کا آغاز کروں گا۔