بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے جدہ میں ہونے والے ریڈ سی فلم فیسٹیول کے دوران ایک حیران کن انکشاف کیا ہے، انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ 25 برسوں سے کسی ریسٹورنٹ یا ڈنر آؤٹنگ پر نہیں گئے۔
فیسٹیول کے ایک سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ بس گھر سے شوٹنگ، ایئرپورٹ یا ہوٹل یہ ہی زندگی ہے۔
انہوں نے اپنی مصروف زندگی کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ 25 سے 26 سال ہوگئے ہیں میں کہیں باہر ڈنر پر نہیں گیا، شوٹنگ سے گھر، گھر سے شوٹنگ، گھر سے ایئرپورٹ، ایئرپورٹ سے ہوٹل اور ہوٹل سے ایونٹ، پھر واپس شوٹنگ بس یہی میری زندگی ہے۔
اس موقع پر سلمان خان نے اپنی ذاتی زندگی اور محدود سوشل سرکل پر بھی کھل کر بات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر زندگی میں نے اپنے خاندان اور قریبی دوستوں کے ساتھ گزاری ہے، تاہم وقت کے ساتھ بہت سے لوگ زندگی سے نکل گئے ہیں اور اب صرف 4 یا 5 پرانے دوست ہی ساتھ رہ گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگ مجھے اتنی عزت اور محبت دیتے ہیں، میں اسی کے لیے محنت کرتا ہوں، کبھی کبھی تھوڑا سا مطمئن ہو جاتا ہوں، لیکن اس کو بھی یہ سوچ کر انجوائے کرتا ہوں کہ آگے کیا آنے والا ہے۔