امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک چور نے گرفتاری سے بچنے کے لیے چوری کی ہوئی ہیرے کی بالیاں نگل لیں۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 32 سالہ جیتھن لارنس گلڈر فروری میں ایک مقامی باسکٹ بال کھلاڑی کا نمائندہ ہونے کا بہانہ کرتے ہوئے اورلینڈ کے ایک ٹفنی اینڈ کمپنی اسٹور میں گیا۔
وہ اسٹور میں مہنگے ڈیزائنز تک رسائی حاصل کرنے کے بعد ہیرے کی بالیوں کی دو جوڑیاں لے کر بھاگ گیا جن کی مالیت 7 لاکھ ڈالرز سے زائد تھی۔
پولیس نے کچھ دنوں میں ہی جیتھن لارنس گلڈر کو تلاش کر لیا، اسے ہائی وے پر روکا اور اس پر گرفتاری کے خلاف مزاحمت کرنے کا الزام عائد کیا تاہم پولیس اس کے پاس سے چوری کی ہوئی ہیرے کی بالیاں تلاش کر کے اس پر چوری کا مقدمہ درج نہیں کر سکی۔
پولیس جب ملزم کو گرفتاری کے خلاف مزاحمت کرنے پر گرفتار کر کے جیل لے گئی تو گھبراہٹ کے شکار چور نے ایک پولیس اہلکار سے پوچھا کہ کیا مجھ پر اس چیز کو چوری کرنے کا مقدمہ درج کیا جائے گا جو میرے پیٹ میں ہے۔
جیتھن لارنس گلڈر کی یہ بات سن کر پولیس نے اس کا فل باڈی اسکین کروانے کا فیصلہ کیا۔
جب فل باڈی اسکین کروایا گیا تو اس کے پیٹ میں کچھ چھوٹی چھوٹی چیزیں دیکھ کر پولیس حیران رہ گئی۔
پولیس کا خیال ہے کہ چوری کی ہوئی بالیاں جیتھن لارنس گلڈر کے پیٹ میں موجود ہیں۔