کرم میں ٹل پاراچنار مرکزی شاہراہ 5 ماہ سے بند ہے، راستوں کی بندش کے خلاف پارا چنار پریس کلب کے باہر شہریوں کا دھرنا 9 روز سے جاری ہے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت مین شاہراہ کھولے اور متاثرہ خاندانوں کو امدادی پیکیج دے۔
عمائدین نے خطاب میں کہا کہ آمد و رفت کے راستے کھولنے اور محفوظ بنانے تک دھرنا جاری رکھا جائے گا۔
دوسری جانب لوئر کرم کے علاقے بگن میں بھی علاقہ مکینوں کا دھرنا جاری ہے۔
دھرنے کے شرکاء نے حکومت سے متاثرین کو امداد دینے اور بگن کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق فائرنگ کے واقعات اور جھڑپوں کے باعث آمد و رفت کے راستے بند ہیں، عوام کو ریلیف دینے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امن معاہدے کے تحت بنکرز کی مسماری کا کام بھی جاری ہے۔