لاہور(خالدمحمودخالد) بھارت میں اس سال اسٹاک مارکیٹ کے بحران نے سات امیر ترین ارب پتی بزنس مینوں کو 34 ارب ڈالرز کا نقصان پہنچا دیا۔ ان ارب پتیوں میں گوتم اڈانی، مکیش امبانی، شونادر، عظیم پریم جی، شپور مستری، ساوتری جندال، دلیپ شانگھوی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گوتم اڈانی کو سب سے زیادہ 10ارب سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔ اس سال ان کی کمپنی کے شیئرز 12 فی صد تک نیچے گر گئے ہیں۔ ان کی دولت 68 اعشاریہ 8 ارب ڈالرز رہ گئی ہے۔ بھارت کے سب سے زیادہ امیر آدمی مکیش امبانی کی دولت میں تقریبا سوا تین ارب ڈالرز کی کمی آئی ہے اس کے باوجود بھارت کے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز انہوں نے برقرار رکھا ہے۔ ان کی کل دولت اس وقت ساڑھے ستاسی ارب ڈالرز مالیت کی ہے۔ شو نادر کو تقریبا سوا سات ارب ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑا ہے ان کی دولت کا تخمینہ 36 ارب ڈالز لگایا جارہا ہے۔ عظیم پریم جی کو 2 ارب 70 کروڑ ڈالرز کا نقصان ہوا ہے۔ ان کی دولت اس وقت 28 ارب 20 کروڑ ڈالرز ہے۔