• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایفل ٹاور نے حجاب پہن لیا، ماجرا کیا ہے؟


فرانس میں ایفل ٹاور کو حجاب پہنانے والے اشتہار پر تنازع کھڑا ہو گیا۔

ڈچ ماڈیسٹ فیشن برانڈ میراچی Merrachi نے فرانس میں ایک اشتہار جاری کر کے ہلچل مچا دی ہے، اس اشتہار میں مشہور ایفل ٹاور کو حجاب میں لپٹا دکھایا گیا ہے۔

اشتہار کا مقصد اسکارف پہننے کی آزادی کو فروغ دینا تھا، تاہم یہ مہم فرانسیسی سیاستدانوں کے لیے سخت ناگوار ثابت ہوئی، جنہوں نے اسے خطرناک اور فرانسیسی اقدار کے منافی قرار دے دیا۔

میراچی نے یہ ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی اور اس کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ ایفل ٹاور نے میراچی کا حجاب پہن لیا، لگتا ہے کہ وہ بھی ماڈیسٹ فیشن کمیونٹی میں شامل ہو گیا ہے۔

یہ اشتہار فرانسیسی سیاستدانوں اور عوام کے ایک بڑے طبقے میں سخت غصے اور تنقید کا باعث بنا۔ 

ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ اشتہار فرانسیسی ثقافت اور اسلامی علامتوں کو غیر مناسب طریقے سے جوڑنے کی کوشش ہے۔

فرانس کے دائیں بازو کی جماعت نیشنل ریلیNational Rally کی ایم پی لیزیٹ پولیٹ Lisette Pollet نے اسے فرانسیسی جمہوری اقدار اور ورثے کی توہین قرار دیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ یہ ناقابلِ قبول ہے، ایفل ٹاور فرانس کی پہچان ہے، اس کو برانڈ نے حجاب سے ڈھانپ کر اشتہاری مقاصد کے لیے استعمال کیا، جو سراسر اشتعال انگیزی ہے۔

اسی جماعت کے ایک اور سیاستدان جیرووم بیوسن Jérôme Buisson نے اسے ایک خوفناک سیاسی منصوبہ کہا ہے۔

فرانسیسی معیشت دان اور سِٹیزنز پولیٹیکل موومنٹ Citizens’ Political Movement کے شریک بانی فلپ موریر Philippe Murer نے تو یہاں تک مطالبہ کر دیا کہ فرانس میں میراچی کے تمام اسٹورز بند کر دیے جائیں اور اس کی ویب سائٹ پر بھی پابندی عائد کی جائے۔

جہاں ایک جانب فرانسیسی سیاستدان اس اشتہار پر برہم ہیں، وہیں کچھ صارفین نے اسے تخلیقی اور زبردست مارکیٹنگ حکمتِ عملی قرار دیا ہے۔

حامیوں کا کہنا ہے کہ یہ مہم فرانس کی مسلم خواتین کے لباس سے متعلق سخت پالیسیوں کو چیلنج کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
برطانیہ و یورپ سے مزید