• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نائن الیون حملوں کے دوران نیو یارک میں کیا ہوا تھا؟ شاہ رخ خان نے آنکھوں دیکھا حال سنا دیا

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

جب نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملہ ہوا تو بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان  اپنی فیملی اور کرن جوہر کی والدہ ہیرو جوہر کے ساتھ نیو یارک میں تھے۔

شاہ رخ خان نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ میں نائن الیون حملوں کے وقت نیویارک میں اپنی اہلیہ گوری خان، بیٹے آریان اور کرن جوہر کی والدہ ہیرو جوہر کے ساتھ نیویارک میں موجود تھا۔

اُنہوں نے بتایا کہ جب 11 ستمبر 2001ء کو نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملہ ہوا تو ہیرو جوہر نے ہڑبڑا کر مجھے جگایا اور ٹی وی چلا کر خبریں لگا دیں۔

اداکار نے بتایا کہ پہلے تو مجھے یہ لگا کہ شاید ہیرو جوہر مجھے یہ خبر اس لیے دیکھنے کو کہہ رہی ہیں کیوں کہ یہ اس پرواز کے بارے میں ہے جس میں ہماری فلم کا عملہ چند گھنٹے پہلے ٹورنٹو کے لیے روانہ ہوا تھا۔

اُنہوں نے بتایا کہ میرے کمرے کے نیچے والی منزل پر میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد موجود تھی جو انٹرویوز کرنے کا انتظار کر رہے تھے اور میں بس یہ سمجھنے کی کوشش کر رہا تھا کہ آخر اچانک ہوا کیا ہے؟

شاہ رخ خان نے بتایا کہ میں اپنی فیملی کے ساتھ 3 سے 4 دن تک وہاں پھنسا رہا کیونکہ تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں پھر ہم نے وہاں سے نکلنے کے لیے خصوصی اجازت لی اور حکّام نے فیملی ساتھ ہونے کی وجہ سے جانے کی اجازت دے دی اور ہم بہت مشکل سے ٹورنٹو گئے۔

اُنہوں نے بتایا کہ مجھے لگتا ہے کہ کئی دوسرے لوگوں کی طرح ان خوفناک حملوں کا مجھ پر بھی گہرا اثر ہوا۔

اداکار نے اپنے ایک انٹرویو میں یہ بھی بتایا کہ نائن الیون حملوں کو ہوئے اتنا عرصہ گزر جانے کے بعد بھی مجھے امریکا میں ہمیشہ ایئر پورٹ پر چیکنک کے لیے روک لیا جاتا ہے، تو جب بھی مجھے اپنی شہرت پر غرور ہونے لگے تو میں امریکا کا ایک دورہ کر لیتا ہوں اور وہاں امیگریشن والے میری ساری ہیرو گیری نکال دیتے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید