بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اور اہلیہ انٹیرئر ڈیزائنر گوری خان کی شادی کو مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے کے باوجود بھی 3 دہائیوں سے زائد کا عرصہ مکمل ہو چکا ہے۔
حال ہی میں گوری خان کے ایک پرانے انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں اُنہوں نے اسلام قبول کرنے کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
ماضی میں گوری خان نے کرن جوہر کے شو ’کافی ود کرن‘ میں مذہب تبدیل کرنے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ آریان خان اپنے والد شاہ رخ خان سے بہت قریب ہے اس لیے مجھے لگتا ہے کہ وہ بڑے ہو کر اسلام کو ہی فالو کرےگا اور وہ ہمیشہ یہی کہتا ہے کہ ’میں ایک مسلمان ہوں‘۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ جب آریان خان یہ بات میری امیّ کو بتاتاہے تو وہ تھوڑی افسردہ ہوجاتی ہیں لیکن یہ سچ ہے۔
گوری خان نے کہا کہ شاہ رخ میرے مذہب کی توہین نہیں کرتے اسی لیے ہماری زندگی میں توازن قائم ہے اور اسی طرح میں بھی شاہ رخ کے مذہب کا احترام کرتی ہوں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں مذہب تبدیل کرکے مسلمان ہو جاؤں گی۔
اُنہوں نے کہا کہ میں مذہب تبدیل کرنے پر یقین نہیں رکھتی کیونکہ میرا خیال ہے کہ ہر شخص انفرادی حیثیت رکھتا ہے اور ہر شخص کو اپنی مرضی سے کوئی ایک مذہب فالو کرنے کا حق ہے لہٰذا اس حوالے سے کسی کے ساتھ کوئی زبردستی نہیں ہونی چاہیے۔